اسلام آباد (عترت جعفری) اے این پی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد اس اتحاد کا مستقبل اب روشن نہیں رہا۔ پی پی پی نے اس بدلتی سیاسی صورت حال کے پیش نظر پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ا س سلسلے میں ارکان کی دستیابی کو سامنے رکھ کر تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پی پی پی اس اجلاس میں کوئی بڑا فیصلہ کر سکتی ہے۔ گذشتہ روز بلاول بھٹو نے ورچوئل اجلاس کر کے پی ڈی ایم کے نوٹس پر مشاورت کی تھی۔ اس میں نوٹس کا ایک پہلو یہ بھی سامنے آیا تھا کہ اس پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے دستخط موجود نہیں ہیں۔ پی پی پی کی طرف سے اس کو جواب تیار کیا گیا ہے جسے پارٹی چیئرمین نے روک لیا۔ اے این پی کی طرف سے اتحاد سے الگ ہونے کے اعلان کے بعد اب اس صورت حال پر سی ای سی میں غور کر کے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ اب پی ڈی ایم کی پوزیشن کیا ہے اور کیا اس اتحاد میں رہنا بھی ہے یا نہیں۔