لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ لاہور میں بزرگ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین کے انتظامات مستحسن اور قابل تعریف ہیں تاہم حکومت پاکستان کے لیے لازم ہے کہ وہ ملک کے بائیس کروڑ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں ویکسین لگانے کا تیز رفتار اور قابل عمل پروگرام بنائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو پرائیویٹ لیب اور مہنگے پرائیویٹ ہسپتال مافیاز کے حوالے نہ کرے ، جو 10 ڈالر قیمت کی ویکسین کے 12 ہزار روپے سے زائد وصول کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ غریب عوام کی بھلائی کے لیے حکومت خود ویکسین امپورٹ کرے اور اگر اسے توفیق ملے تو غریبوں کو مفت اور صاحب حیثیت کو اسی قیمت پر فراہم کرے یا حکومت ویکسین کے درآمد کرنے کو عام کردے ۔