سیوریج اورپانی کے مسائل ،صنعتیں بری طرح متاثر ہیں ، سلیم الزماں

کراچی(کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ سیوریج کے مسائل اور پانی کی عدم فراہمی سے صنعتیں بری طرح متاثر ہورہی ہیں جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑ رہا ہے،جبکہ واٹر بورڈ کی ناقص کارکردگی کے باعث بزنس کمیونٹی کو شدید مسائل کا سامنا ہے اور صنعتکاروں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل بھی اگر حل نہیں ہوسکیں گے تو ملکی معیشت کا استحکام کیسے ممکن ہوگا۔صدر کاٹی نے کہاکہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی اور اس کی نکاسی میں موجودہ انتظامیہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور صنعتوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگی بھی عذاب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں سے ملک کی معیشت چلتی ہے اور انہیں درپیش مسائل حل کرناکراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے لہذاصنعتوں کی افادیت کے پیش نظر کورنگی صنعتی علاقے کے دیرینہ سیوریج اور پانی کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و سیوریج نگہت اعوان نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں بنیادی انفرااسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے اور سیوریج کے پانی نے وہاں قائم صنعتوں اور سڑکوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن