کرونا، حکومتی اقدامات تسلی بخش ،  تاہم انتہائی احتیاط کی ضرورت 

Apr 07, 2021

کرونا کے باعث گزشتہ روز 43 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سنٹر کے مطابق کرونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 14821 ہو گئی جبکہ دو روز قبل نئے رپورٹ ہونے والے 4323 کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231 تک پہنچ گئی۔ 3,587 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ 
کرونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ باعث تشویش ہے اگرچہ ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے۔ حکومت 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین فراہم کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے حکومت کاایک اور مثبت اقدام 80 سال کے شہریوں کو گھر پر ہی ویکسین کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ دوسری طرف نوجوانوں میں بھی ویکسین شروع کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ حکومت کی طرف سے اب تک کیے جانے والے تمام اقدامات تسلی بخش ہیں تاہم کرونا کو شکست دینے کے لیے پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس او پیز کی مکمل پابندی کرنا ہو گی اس لیے ماسک پہننے ، سماجی فاصلہ رکھنے ، ہاتھوں کو بار بار دھونے ، پرہجوم مقامات پر جانے سے اجتناب سمیت تمام حفاظتی تدابیر کو اختیار کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انفرادی و اجتماعی توبہ و استغفار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ 

مزیدخبریں