الاہور (اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کی درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں انہوں نے نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔ مریم نواز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں 14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا۔ نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے۔ عدالت عالیہ نیب کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کرے۔مزید برآں مریم نواز نے جواب میں کہا کہ 48 روز تک جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب نے تفصیلی تحقیقات کیں۔ نیب کو تمام اثاثوں کی تفصیلات فراہم کیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست پر آج سماعت ہو گی۔ یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اپریل تک جواب طلب کر رکھا ہے۔
شوکیسز آواز دبانے کی کوشش‘ نیب کی درخواست پر مریم نواز کا جواب
Apr 07, 2021