لاہور (سٹی رپورٹر) بلدیاتی نمائندوں کو اعلی عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں اختیارات کی منتقلی معمہ جبکہ پنجاب حکومت کے لئے درد سر بن گئی ہے۔ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فل آرڈرز کا انتظار کرنے لگی ہے جبکہ بلدیاتی نمائندوں نے کرونا ایس او پیز اور ضلعی انتظامیہ کی تنبیہہ کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنے حقوق کے لئے ٹائون ہال کا رخ کرتے ہوئے ضلعی اسمبلی کا قبضہ اور اپنے آئینی اختیارات کی واپسی کے لئے اجلاس طلب کیا۔ حکومت کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت اجلاس نہ بلانے کی استدعا کی گئی تھی۔ تاہم سابق لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید سابق بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ ٹاؤن ہال پہنچے تو انتظامیہ نے داخلی دروازے پر تالے لگا دئیے۔ جس پر سابق نمائندوں نے گراؤنڈ پر ہی اسمبلی سجالی۔ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے انتظامیہ کے ناروا سلوک کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو ایک مرتبہ پھر عدالت کے سامنے سبکی ہو گی اور بلدیاتی نمائندے سرخروں ہوں گے۔ حکومت جو چاہے کر لے ہم اپنے آئینی حق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ حکومت پنجاب بہانے تلاش کر رہی ہے کہ سپریم کورٹ کے شارٹ آرڈرز پر تحمل کی بجائے ضلعی اسمبلی، انتظامی اور شہر کے معاشی امور بلدیاتی نمائندوں کے حوالے نہ کریں۔ در حقیقت پنجاب حکومت عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کر کے آئین سے رو گردانی کر رہی ہے۔ جبکہ آرٹیکل 140اے سے بھی منحرف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ آف پنجاب سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکاری ہے اور عوامی نمائندوں کے حقوق انہیں منتقل نہیں کر رہی جس پر آئین کے آرٹیکل199کے تحت ہم ہائیکورٹ جائیں گے۔ ضرورت پڑی تو ہم آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی بھی درخواست کریں گے۔ ٹائون ہال میں بلدیاتی نمائندوں کی بیٹھک ختم ہوتے ہی سابق چیئرمین راشد کرامت بٹ کی قیادت میں ٹاؤن ہال کو لگے تالے توڑنے کی کوشش کی گئی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔ سابق بلدیاتی نمائندوں نے کہا کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں ورنہ تالے توڑنا کون سا مشکل کام ہے۔ اس سے پہلے ضلعی انتظامیہ نے کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کے گھر کے باہر نوٹس لگایا تھا جس میں انہیں کرونا وبا کے باعث بلدیاتی نمائندوں کے اجتماع سے روکا گیا تھا۔ سابق بلدیاتی نمائندے ٹاؤن ہال کو لگا تالہ اس مرتبہ تو توڑنے میں ناکام رہے تاہم آئندہ ایسے اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے اقدامات کی مذمت کی اور عدالتی دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔