پنجاب خیبر پی کے متاثرہ اضلاع میں پہلی تا8ویں کلاسز عید تک بند

اسلام آباد/ پشاور/ لاہور (وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر) این سی او سی نے ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ اضلاع میں ایک سے آٹھویں جماعت تک کے لیے 28 اپریل تک سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی او سی  اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ملک کا ہر ضلع کرونا سے متاثر نہیں ہے۔ اس لیے جو اضلاع متاثر ہیں وہاں کلاس ایک سے آٹھویں تک سکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا اور 28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ سکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے سکولز کھولے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے متاثرہ اضلاع سے متعلق صوبے فیصلہ کریں گے کہ کن اضلاع میں سکولوں کو بند کیا جائے جبکہ کرونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 9 سے 12 ویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے سے لیے جائیں گے۔ یعنی یہ امتحانات 24 مئی سے پہلے نہیں ہوں گے اور امتحانات سخت ایس او پیز کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بھی داخلوں کو آگے کرنے کا کہا ہے کیونکہ امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو نتیجہ بھی تاخیر سے آئے گا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے پنجاب میں سکولوں کی بندش کے حوالے سے اہم ٹویٹ کیا ہے کہ صوبے کے 13 اضلاع میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت کے طلباء کیلئے سکول عید الفطر تک بند رہیں گے۔ مراد راس کا مزید کہنا ہے کہ 13 اضلاع میں لاہور‘ راولپنڈی‘ گجرات‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ بہاولپور‘ سیالکوٹ‘ سرگودھا‘ فیصل آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ رحیم یار خان‘ ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ آج کئے جانے والے فیصلوں پر نظرثانی کیلئے اہم اجلاس دو ہفتوں بعد منعقد جائیگا۔ 19 اپریل سے پنجاب کے متاثرہ 13 اضلاع میں تمام سکول نویں تا بارہویں جماعت محض بروز سوموار اور جمعرات  کھولے جائیں گے۔ اس سلسلے میں مراد راس نے ایک ٹویٹ میں کہا  ہے کہ لاہور‘ راولپنڈی‘ گجرات‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ بہاولپور‘ سیالکوٹ‘ سرگودھا‘ فیصل آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ رحیم یار خان اور شیخوپورہ کے اضلاع میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں پہلی سے 8 ویں تک  کی کلاسز عید تک بند رہیں گی۔ ٹویٹ کے مطابق لاہور‘ راولپنڈی ‘ گجرات‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ بہاولپور‘ سرگودھا‘ سیالکوٹ‘ فیصل آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ رحیم یار خان‘ شیخوپورہ اور ڈیرہ غازی خان میں 9 ویں سے 12 تک تمام کلاسز صرف پیر اور جمعرات کو کھلا کرینگی۔ ٹویٹ کے مطابق 9 ویں سے 12 ویں تک کی کلاسز اور اے/ او لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے۔ خیبر پی کے میں 19 اپریل سے نویں اور انٹر تک کی کلاسیں ہوں گی۔ خیبر پی کے متاثر اضلاع میں پہلی تا آٹھویں تک سکول عید تک بند رہیں گے۔ وزیر تعلیم بلوچستان نے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔  دریں اثناء  کرونا کے ہولناک وار کے باعث ڈاکٹر سمیت ملک بھر میں مزید 103افراد دم توڑ گئے اور 3953نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 10 ماہ بعد ایک ہی روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 924تک پہنچ گئی جبکہ 3953نئے کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد6 لاکھ 96 ہزار184ہو گئی۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 63ہزار102ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاء الدین، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد منیر کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر ارشد منیر فیصل آباد میں بطور ریڈیالوجسٹ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر ارشد منیر کی عمر 61 سال تھی۔ گزشتہ کئی روز سے کووڈ۔19 کے باعث  نجی ہسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کرونا کے گزشتہ دو ہفتے کے اثرات کے باعث اموات کی تعداد کچھ عرصے تک زیادہ رہے گی۔ برابری پارٹی کے سربراہ اور گلوکار جواد احمد دوبارہ کرونا میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے پھر خود کو گھر میں قرنطینہ  کر لیا ہے۔ خیبر پی کے میں کرونا سے ایک اور ڈاکٹر شہید ہو گیا۔ ڈاکٹر فریش خان ایچ ایم سی کرونا آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔  دریں اثناء پنجاب حکومت نے ہفتے میں 2 روز پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہفتہ‘ اتوار بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ پابندی کے دوران صرف میڈیکل اور ایمرجنسنی ٹرانسپورٹ کی اجازت دی۔ ایک سے دوسرے صوبے جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہو گی۔ پابندی کا اطلاق 10 اپریل سے ہو گا۔ متعلقہ سٹاف کو  ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ کرونا سے مشتبہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جن میں 112۔ نوایل کے محمد نواز 80  سالہ‘ چک 9 ۔ چودہ ایل کے محمد اکرام 72  سالہ‘  چک 90 ۔ نو ایل کی جنت بی بی60 ‘ چک 73۔ فور آر کے محمد ایوب 82  سالہ اور عارف والہ  کے محمد امجد 45   سالہ شامل ہیں۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق  جہلم ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز مزید 6  افراد کی کرونا رپورٹ مثبت موصول  ہوئی۔  اس وقت ضلعی بھر میں 114  کرونا وائرس سے متاثر مریض جن میں کرونا وائرس  بیماری کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ ان افراد کو  گھروں  میں آئسو لیٹ کیا گیا ہے اور 12  کرونا وائرس سے متاثر مریض ڈسٹرکٹ  ہیڈ کوارٹر  ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد میں سنگل ڈوز ویکسین  کین  سائنو بائیو میں عمر کی حد 70  سال کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق گزشتہ روز سنگل ڈوز ویکسین لگانے کی عمر 80  سال سے رکھی گئی تھی جبکہ اسلام آ باد میں اب سنگل شاٹ ویکسین آر ایچ سی ترلائی مرکز سے لگوائی جا سکتی ہے۔بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کو کرونا ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف گھر میں قرنطینہ ہوگئیں۔گوجرانوالہ  میں کرونا کے مزید 70نئے کیسز سامنے آ گئے کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1929ہو گئی ،45مریض ہسپتال میں زیر علاج ، 14کی حالت غیر 24گھنٹوں کے دوران 2مریض جاں بحق ، ضلعی انتظامیہ نے 9یونین کونسلز میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع گوجرانوالہ میں 70 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...