مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیس،نیب نے وقت مانگ لیا

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر نیب نے وقت مانگ لیا ، سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔بدھ کو جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے لاہور ہائیکورٹ میں نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔مریم نواز کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا،اس پر نیب نے مریم نواز کا جواب دیکھنے کے لئے وقت مانگ لیا، عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت28اپریل تک ملتوی کردی۔مریم نواز کا جواب میں کہنا ہے کہ نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے، نیب سیاسی انجینئرنگ کا کردار ادا کر رہا ہے، نیب کی درخواست سے بظاہر لگتا ہے کہ چیئرمین نیب حکومت کے ترجمان ہیں۔جواب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر مل میں ضمانت منظور کی، لاہور ہائیکورٹ نے نیب کا موقف سننے کے بعد میرٹ پر ضمانت منظور کی تھی۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب کا کام کرپشن روکنا ہے سیاسی بیانات پر کارروائی کرنا نہیں، حکومتی ایما اور سیاسی بنیادوں پر نیب کارروائی کر رہا ہے.
 
 

ای پیپر دی نیشن