پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل

Apr 07, 2021 | 22:11

ویب ڈیسک

فٹبال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن(پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کر دی۔فیفا کے جاری بیان کے مطابق عالمی تنظیم کی کونسل نے یہ قدم پاکستان میں دو فٹ بال ایسوسی ایشن کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے اٹھایا۔فیفا کونسل کے بیورو نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت اس کے معاملات میں تیسرے فریق کی مداخلت کے باعث فوری طور پر معطل کی گئی، جو فیفا کے آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ صورت حال ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب پی ایف ایف کے لاہور میں قائم ہیڈ کوارٹر پر احتجاج کرنے والے ایک گروہ نے قبضہ کرلیا اور انہوں نے ہارون ملک کی صدارت میں قائم پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی، جو فیفا کی جانب سے قائم کی گئی تھی، کو ہٹا کر پی ایف ایف کے معاملات سید شفقت حسین شاہ کے حوالے کردیئے گئے۔علاوہ ازیں بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کی وجہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹر پر قبضہ بنی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملازیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا کے ایک انتباہی خط میں خبردار کیا گیا تھا کہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹر پر ہونے والا قبضہ ختم کیا جائے اور فیفا کے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق دفتر کو چلانے دیا جائے بصورت دیگر یہ معاملہ فوری طور پر بیورو آف فیفا کونسل کے سامنے فیصلے کے لیے رکھا جائے گا۔تاہم صورت حال تبدیل نہ ہوئی جس پر فیفا نے پی ایف ایف کی رکنیت کو معطل کردیا۔فیفا کے جاری حالیہ بیان کے مطابق پاکستان کی رکنیت اس وقت تک معطل رہے گی جب تک کونسل کو نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے یہ تصدیق نہیں کردی جاتی کہ پی ایف ایف کی عمارت، اکاونٹس، انتظامیہ اور مواصلاتی نظام کو ان افراد کے حوالے نہیں کردیا جاتا جن کو فیفا کے تحت اس کا مینڈیٹ حاصل ہے۔

مزیدخبریں