ساہیوال، بصیرپور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ساہیوال اور بصیرپور میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کو شدید گرمی میں بے حال کر دیا ہے۔ صارفین کو سحروافطار میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ساہیوال اور گردونواح میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں رمضان المبارک شروع ہوتے ہی اضافہ ہوگیا ہے اور بجلی بار بار بند ہونے لگی ہے جبکہ گیس آنے کاکوئی وقت مقرر نہیں، بجلی بار بار بند ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ روزہ دار بجلی بند ہونے سے پریشان ہیں۔ گیس بندش سے خواتین کو روزہ کے ساتھ کھانے پکانے میں مشکلات ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ماہ رمضان میں بجلی اور سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کا متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق لیسکو سب ڈویژن بصیر پور سے ملحقہ شہری و دیہی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ سحر، افطار و تراویح میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مرکزی انجمن تاجران بصیرپور سمیت دیگر تاجروں، سماجی شخصیات و شہریوں نے بجلی کی اندھادھند لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو سمیت اعلیٰ حکام سے ماہ صیام میں لوڈشیڈنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ساہیوال، بصیرپور: بجلی گیس کی گھنٹوں بندش ‘روزہ دار بے حال، سحر و افطار میں مشکلات
Apr 07, 2022