پلوامہ‘ نئی دہلی (آئی این پی+ نیٹ نیوز) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں بھارتی فورسزکی ریاستی دہشتگردی میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے 3کشمیری نوجوانوں کو پلوامہ میں فائرنگ کرکے شہید کیا۔ بھارتی فورسز نے نعشیں بھی قبضے میں لے لیں۔ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بھارتی فورسز نے پلوامہ اور قریبی علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی فوجی گھروں میں گھس گئے اور خواتین سے بدتمیزی کی اور ہراساں کیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے۔ دوسری جانب بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی کو بانڈی پورہ میں ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ زیرتسلط کشمیر میں فوج کشی کی مذمت کرنے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سابق سربراہ کو مودی سرکار نے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سابق سربراہ آکار پٹیل کو بنگلورو ائرپورٹ پر روکا گیا۔ تفتیشی ادارے کے اہلکار نے بتایا حکومت کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ دائر ہونے پر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ آکار پٹیل زیرقبضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے آئے ہیں۔
کشمیر