سعودی سفارتخانہ 1750رمضان پیکٹ، 12ٹن کھجوریں تقسیم کرے گا 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)سعودی سفارتخانہ کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں 1750 رمضان پیکیج، 12ٹن کھجوریں اور 24000 قرآن مجید کے تین زبانوں میں ترجمہ شدہ نسخے تقسیم کیے جائیں گے،تفصیلات کے مطابق سعودی سفارتخانہ زیر اہتمام سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پروگرام کا افتتاح کر دیا. اس پروگرام میں روزہ داروں میں کھجوریں اور قرآن پاک کے تحائف تقسیم کیے گئے،یہ پروگرام مذہبی اتاشی کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں میں شروع کیا جائے گا، افتتاحی تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور مذہبی اتاشی مطیب بن محمد الجدائی اور سفارتخانہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی. اس موقع پر سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ یہ پروگرام ان پروگراموں میں سے ہے جن کی خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ماہ مقدس میں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں شروع کر نے کی ہدایت کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن