کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ ہندو لڑکی پوجا کماری کاقتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔
پاسبان اس کی پرزور مذمت کرتی ہے۔قاتل واحد بخش لاشاری کو دہشت گردی کا مقدمہ بنا کر عبرتناک سزا دی جائے۔ ایک لڑکی کو بندوق کے زور پر اغوا کرنا، اسے زبردستی مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرنا اور پھر زبردستی شادی کرنا خلاف قانون ہی نہیں بلکہ خلاف مذہب بھی ہے۔ پاکستان میں بسنے والے ہندوئوں اور دیگر اقلیتوں کی حفاظت اور سکھ چین کی زندگی،حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اقلیت پاکستان کو غیر محفوظ ملک سمجھ کر تیزی سے پاکستان سے ہجرت کر رہے ہیں۔ وفاق کا اس معاملے پر خاموش رہنا شرمناک ہے۔ ملک میں صرف چند سوپارسی رہ گئے ہیں۔ اقلیتوں کی نقل مکانی کا آغاز پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔سندھ کے جاگیر دار دیدہ دلیری کے ساتھ دن دہاڑے قبیح جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت میں ایسے بااثر لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جس سے جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ فوری انصاف فراہم کرنے کا نظام رائج ہوتا تو شیریں جوکھیو کو صلح پر مجبور نہ ہونا پڑتا۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں جبری شادی سے انکار پربے دردی سے قتل کی جانے والی پوجا کماری کی ہلاکت پر افسوس کا ا ظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے مزید کہا کہ روہڑی میں ہونے والا یہ واقعہ انتہائی د ردناک ہے۔ حکومتیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین بنانے میں ہچکچاہٹ کا شکار رہی ہیں۔ پاسبان حکومت میں آکر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا قانون بنائے گی۔
پوجا کماری کاقتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے:پاسبان
Apr 07, 2022