کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ علاقوں کو روشن بنانے کیلئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے کام بھی جاری ہیں، ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای امتیاز بھٹو علاقوں کو روشن بنانے کیلئے اچھا کام کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کچھی میمن سوسائٹی یوسی 18 میں سڑکوں کی استرکاری اور مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا.انہوں نے کچھی میمن سوسائٹی میں علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مساویانہ بنیاد پر علاقوں میں ترقیاتی کاموں سر انجام دئیے جارہے ہیں، ترقیاتی کاموں کی انجام دہی پر عوام کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں، کوشش کر رہا ہوں کہ بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے عوامی توقعات کے مطابق کام سر انجام دئیے جائیں، بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے وسائل جادوئی چھڑی کی حیثیت رکھتے ہیں، جتنے وسائل زیادہ ہونگے اتنے ہی زیادہ مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرینگے، ایگزیکٹیو انجنئیر امتیاز بھٹو نے اس موقع پر انہیں رمضان المبارک سمیت علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کے حوالے سے جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر ایگزیکٹیو انجنئیر بی اینڈآر اقبال احمد ملاح، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیر راشد فیاض نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کو گلشن اقبال زون میں روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے کام کے متعلق آگاہی فراہم کی۔