چینی کمپنیوں سے تعاون ملکی معیشت میںمددگار ہوگا:پینگ ڑینگ وو 


 لاہور(کامرس رپورٹر )چین کے قونصل جنرل پینگ ڑینگ وو نے کہا ہے کہ پاکستان کو سی پیک کے تحت فصلوں کی پیداوار بڑھانے، آبپاشی کے نظام کو جدید بنانے اور ویلیو ایڈیشن کے تحت زرعی تکنیک سیکھنے میںچینی کمپنیوں سے تعاون ملکی معیشت کی بہتری میںمددگار ہوگا ۔انہوں نے یہ بات  ( پاک چین چیمبر)پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر احسن چوہدری اور ایک نجی ادارہ کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کہی۔ پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر احسن چوہدری نے کہا کہ زراعت پر مبنی کاروبار پاکستان کے زرعی منظر نامے میں بے شمار مواقع فراہم کرنے اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے ذریعے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ ہے۔ جبکہ ہمیں ایسی عصری تکنیکوں کو پاکستان میں متعارف کرانا چاہیے اور زرعی شعبے میں تجارتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کی ترقی اور تنوع کو بھی فروغ دینا چاہیے۔سیکرٹری جنرل پی سی جے سی سی آئی صلاح الدین حنیف، نے کہا کہ پاک چین چیمبر کا مقصد کاشتکاری کی جدید اور بہتر تکنیکوں کو سیکھنے کے لیے چینی کمپنیوں کیساتھ مختلف ورکشاپس اور بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا انعقاد کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین چیمبر چینی کمپنیوں کی مدد سے نئے بیج، فارمنگ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن