حیدرآباد ( نامہ نگار ) حیدرآباد پولیس نے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو بم و آلات سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حیدرآباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حسین آباد سب انسپکٹر نیک محمد کھوسو نے اپنے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سندھو دیش روولیوشنری آرمی (SRA) سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں منظور علی شر، قربان علی شر اور منٹھار علی عرف پپو شر کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بم اور اسلحہ برآمد ہواہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار تینوں دہشت گرد تخریب کاری کے ارادے سے کھڑے تھے جہاں پولیس نے مخفی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔پولیس کا موقف ہے کہ گذشتہ دنوں حیدرآباد ڈیتھا اسٹیشن اور کوٹری خورشید کالونی میں پنجاب جانے والے ریلوے ٹریکس پر کیے گئے بم دھماکوں کی ذمہ داری سندھو دیش روولیوشنری آرمی (SRA) نے قبول کی تھی اور آج گرفتار ہونے والی دہشت گرد بھی اسی نوعیت کے بم دھماکوں کی تیاری میں مصروف تھے۔گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔