لاہور(سپورٹس ڈیسک ) بھارتی پنجاب میں ایک ماہ کے دوران کبڈی کے دوسرے کھلاڑی کو قتل کردیا گیا۔ پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ کے سامنے جھگڑے کے دوران کھلاڑی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔دھرمیندر سنگھ نامی کبڈی کے کھلاڑی دو روایتی حریفوں کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کررہے تھے کہ انہیں گولی مار دی گئی۔دھرمیندر سنگھ سیاست میں کافی متحرک تھے، وہ حالیہ ریاستی انتخابات میں سابقہ جماعت چھوڑ کر اروندکیجریوال کی پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔انہوں نے عام آدمی پارٹی کیلئے ایک کبڈی پلیئر کی انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔
، پولیس نے نعش قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔پٹیالہ کے ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ جاری ہے، قتل میں ملوث 4 افراد کی شناخت ہوچکی ہے۔قتل میں بدمعاشوں کے ملوث ہونے یا دشمنی پر قتل کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔سندیپ سنگھ ننگال کو 14 مارچ کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ دوسرا بین الاقوامی کبڈی پلیئر ہے، جسے موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے سندیپ سنگھ کے قتل میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، کینیڈا میں مقیم بھارتی شہری کو بھی کیس مفرور قرار دیا ہے۔