لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ حسن علی پر بْرا وقت چل رہا ہے ہم اسے بیک کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، حسن نے ہمیں بہت میچز جتوائے ہیں۔لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں وہ پاکستان آئے، جب بھی مہمان کھلاڑیوں سے بات ہوئی تو ان کاکہنا تھا کہ وہ یہاں کرکٹ انجوائے کررہے ہیں۔ میچ میں اونچ نیچ ہوجاتی ہے ، ہمارے پاس مڈل آرڈر میں اچھے کھلاڑی ہیں ہم انہیں مواقع دیں گے، ابھی ورلڈ کپ میں وقت ہے ہم کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ میں فیصلے خود کرتا ہوں اور کو شش کرتا ہوں کہ بہترین الیون میدان میں اتاروں، تاہم مشورے بھی سب سے کرتا ہوں اور جو اچھا ہوتا ہے اس کو کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ہمارے رنز تھوڑے کم تھے ہمیں مومنٹم برقرار رکھنا چاہیے تھا، فیلڈنگ کو بہتر کرنا ہے اور میچ میں جو مواقع ملے ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے تھا۔ہم پر کوئی پریشر نہیں تھا یہ نہیں تھا کہ اوس کی وجہ سے ہم ہارے ، ہم مزید اچھی بائولنگ کر سکتے تھے ، رنز ہمارے کم تھے، ہم آئندہ سیزن میں مزید اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم جس طرح کا ٹوٹل چاہ رہے تھے ویسا ٹوٹل ہمیں نہیں مل سکا، میں مزید لمبا کھیلنا چاہتا تھا۔ عثمان قادر کو موقع ملا اور اس نے فائدہ اٹھایا وہ مزید بہتر ہو گا۔ اب ہم فیملی کو ٹائم دیں گے، روزے چل رہے ہیں، عبادت بھی کریں گے پھر کھیل کی طرف آئیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا ہے۔فہرست میں ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔آئی سی سی نے ویمن پلیئر آف دی منتھ کیلئے انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹون، آسٹریلیا کی ریچل ہینز اور جنوبی افریقہ کی لاورا وولفارٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔