ایکنک اجلاس : بجلی ، ڈیجیٹل اکانومی سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری 

Apr 07, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قومی اقتصادی کونسل( ایکنک)کی انتظامی کمیٹی نے وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس مےںمتعدد ترقےاتی منصوبوں کی منظوری دےدی ۔ایکنک نے این 55 پرراجن پور ڈیرہ غازی خان سیکشن کو 4 لین ہائی وے بنانے کیلئے اراضی مالکان کو ادائیگیوں اور ڈیرہ غازی خان ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے 11ارب 37 کروڑ 73 لاکھ 28 ہزار روپے فنڈز کی منظوری دیدی، یہ منصوبہ ملکی وسائل سے مکمل کیا جائیگا۔اجلاس میں ایم 8 موٹروے سے ایران کی سرحد تک 115 کلومیٹرز طویل تربت مند روڈ کی تعمیر کیلئے 19 ارب 57 کروڑ 10 لاکھ 92 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔اجلاس میں 27 ارب 63 کروڑ 87 لاکھ 51 ہزار روپے کی مالیت سے پنجگور گھاچک آواران روڈ تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت بجلی کی پیداواری سہولیات کے منصوبہ کیلئے 1236.10 ارب روپے کی منظوری دیدی جس میں 5 کھرب 98 ارب 19 کروڑ روپے کی غیرملکی معاونت شامل ہے۔اجلاس میں ڈیجیٹل اکانومی انہاسمنٹ پراجیکٹ کیلئے 17 ارب 47 کروڑ 7 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں پلاننگ کمیشن کی جانب سے ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کے 31 ویں اجلاس کے ایجنڈا سے متعلق سمری پیش کی ، ایکنک نے بحث کے بعد جاری طریقہ ہائے کار کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

مزیدخبریں