تمام درخواست گزار حج پر جائیں گے : اسحاق ڈار 

Apr 07, 2023


اسلام آباد پشاور (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف معاہدے کیلئے امریکی سفیر سے درخواست کی آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے کردار ادا کریں۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔ امریکی سفیر نے آئی ایم ایف معاہدہ اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر مذہبی امور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں سال حج کیلئے ریگولر سکیم کے تحت 44 ہزار 190 کا کوٹہ تھا۔ حج کیلئے 72 ہزار 869 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ قرعہ اندازی کے بغیر درخواستیں دینے والے تمام 72 ہزار 869 عازمین کو حج کیلئے بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اور وزیرمذہبی امور کی خواہش پر اقدام کیا گیا۔ گورنر خیبر کے پی غلام علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ ٹھیک فیصلہ ہوگا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا صوبائی حکومت سکیورٹی خدشات سے آگاہ کرچکی ہے، کے پی کے حالات ایسے ہیں کہ اب بلٹ پروف جیکٹ والوں کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو حالات ہیں انہیں دیکھ کر ہی سپریم کورٹ کوئی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے ساتھ فاٹا انضمام اور فنڈز سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور پاکستان ریلویز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سول ایوی ایشن ، ریلویز اور پی آئی اے میں جاری منصوبوں اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔

مزیدخبریں