جعلی پارکنگ ٹکٹس،اوور چارجنگ: 3 سپروائزرز معطل،4 پارکنگ اہلکار برطرف

Apr 07, 2023


لاہور(خبرنگار)نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد کا لاہور میں پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ اور جعلی پارکنگ ٹکٹس جاری کرنے کی شکایات پر سخت ایکشن ، 3 سپروائزرز معطل،4 پارکنگ اہلکار برطرف کر دیئے۔ بد انتظامی اور عوامی شکایات پر چیف ایگزیکٹو افسر لاہور پارکنگ کمپنی کی سرزنش ،پارکنگ فیس کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا اعلان کر دیا۔ابراہیم مراد نے شہر کے مختلف علاقوں گلبرگ ، مال روڈ، ہال روڈ اور دیگر مقامات پر قائم پارکنگ سٹینڈز کا معائنہ کیااور شہریوں کی شکایات پر 3 پارکنگ سپروائزرز معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دےدیا اور اس مقصد کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی۔ وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے جعلی پارکنگ ٹکٹس استعمال کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ پارکنگ فیس حکومت کے مقرر کردہ ریٹ کے مطابق وصول کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پارکنگ فیس کو سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے جعلی پارکنگ ٹکٹس کی روک تھام کیلئے پارکنگ ٹکٹس کا ڈیزائن تبدیل کروا دیا اور ہدایت کی ہے کہ صرف نئے اور تبدیل شدہ ڈیزائن کے پارکنگ ٹکٹس ہی استعمال کئے جائیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ شہریوںکی سہولت کیلئے پارکنگ ریٹس کے بورڈ نمایاں طور پر لگائے جائیں۔

مزیدخبریں