لاہور( خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسن ؓ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مساجد ، مدارس،امام بارگاہوں اور گھروں میں امام حسن ؓ کی ولادت کے جشن ولادت کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ جشن ولادت سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ سیرت امام حسن کا حکمرانوںکے لئے پیغام ہے کہ اسلام اور وطن کو بچانے کے لیے اقتدار کو بھی چھوڑا جا سکتا ہے۔ امام حسن علیہ السلام نے امت مسلمہ کو انتشار کا قتل و غارت سے بچانے کے لیے خلافت کا ظاہری منصب چھوڑ کر ثابت کر دیا کہ اقتدار سے الگ ہو کر بھی اسلام اور وطن کو بچایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسن فرزند رسول اور جوانان جنت کے سردار ہیں۔