لاہور (نیٹ نیوز) بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے سکولوں کی کتابوں سے ان حوالہ جات کو ہٹانے کی مذمت کی جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح آزادی کے ہیرو مہاتما گاندھی کی ہندو مسلم اتحاد کی کوشش نے ہندو انتہاپسندوںکو ناراض کیا جو ان کے قتل کا باعث بنا۔ بچوں کیلئے خودمختار نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی شائع کردہ پولیٹیکل سائنس کی کتاب کے نئے ایڈیشن سے 1948 میں ایک ہندو انتہاپسند نتھو رام گوڈسے کے ہاتھوں گاندھی کے قتل کے بعد ہندو گروپ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر ایک سال کی پابندی کا حوالہ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ آر ایس ایس وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی نظریاتی تنظیم ہے۔ این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ تبدیلیوں کی سفارش ایک ماہر کمیٹی نے کی تھی۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ آپ کتابوں میں سچائی کو بدل سکتے ہیں‘ لیکن آپ ملک کی تاریخ نہیں بدل سکتے۔ اپوزیشن جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہا کہ انہوں نے بھی این سی ای آر ٹی کی جانب سے ماضی کو ’’وائٹ واش‘‘ کرنے کی کوشش پر اعتراض کیا ہے۔