ڈالر کی قیمت میں یکدم بڑی کمی

سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کےمعاملات طے پانے پر امریکی ڈالر کی تیزی کو بریک لگ گئی,  انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 71 پیسے سستا ہوگیا۔ 

ڈالر کی قدر گرنے سے روپے کی قدر بحال ہونا شروع ہوگئی، آج  کاروباری دن کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں1.71 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر  283 روپے 25 پیسے کا ہوگیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی سپورٹ فراہم کرنے کی تصدیق ہونے پر روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی ، آئی ایم ایف پروگرام کےمعاملے پر  بھی حکومت نے اقدامات تیز کردیئے ہیں۔دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار جاری کردیئے جس کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں 5.61 کروڑ ڈالر کم ہوئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 31 مارچ تک 9 ارب 75 کروڑ ڈالر رہے۔سٹیٹ بینک کے ذخائر 3.64 کروڑ ڈالر کم ہوکر 4.20 ارب ڈالر رہے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 1.97 کروڑ ڈالر کم ہوکر 5.55 ارب ڈالر رہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ، وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا  نے بتایا تھا کہ سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تصدیق کردی ہے جبکہ یو اے ای سے ایک ارب ڈالر کے حصول کے لیے بات چیت جاری ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کا معاہدہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن