پاکستان تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردارعلی امین خان گنڈاپورکو عدالت کے حکم پر 6دن کیلئے جوڈیشل لاک اپ سنٹرل جیل ڈیرہ منتقل کردیا گیا،ڈیرہ اسماعیل خان میں مجسٹریٹ ون کی عدالت میں علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی،پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپورکے خلاف اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس نے علی امین گنڈاپور کو دو مختلف مقدمات میں جوڈیشل کمپلیکس کی عدالت میں پیش کیا جہاں پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس نے ملزم کی حوالگی کی استدعا کی۔عدالت نے بھکر اور اسلام آباد پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کو 6 روزکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں درج دونوں مقدمات کو خارج کردیا۔کاغذات مکمل نہ ہونے پر پنجاب اور اسلام آباد پولیس علی امین گنڈہ پور کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ نہ لے جاسکی، عدالت نے پنجاب اور اسلا م آباد پولیس کو کاغذات مکمل کرکے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا،سابق وفاقی وزیر کی ڈیرہ کے تین مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی ' سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی جانب سے عدالت میںغلام محمد سپل ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔واضح رہے کہ سردار علی امین خان گنڈہ پور کوگزشتہ رات ڈیرہ پولیس نے مختلف مقدمات میں ہائیکورٹ ڈیرہ بنچ کے باہر سے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ منتقل کردیا تھا،پولیس کی بھاری نفری اس موقع پر موجود تھی ۔