لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کی آمد سے متعلق سپورٹس منسٹر انوراگ ٹھاکر سے سوال کیا گیا کہ 2025آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلئے کیا بھارت کی ٹیم پاکستان جائیگی؟ انہوں نے جواب دیا کہا کہ بھارتی بورڈپاکستان نہ جانے کے فیصلے کو برقرار رکھے گا۔ کھیل میں سیاسی بیان دیتے ہوئے بھارتی منسٹر انوراگ ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ جب میں بی سی سی آئی کا سربراہ تھا تو میرا موقف صاف تھا کہ دو چیزیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ آپ بھارت میں دہشت گردی پھیلائیں، گولیاں چلائیں، بم نصب کرنے کی کوشش کریں اور پھر کرکٹ کھیلنے کی بات کریں، پہلے گولیاں چلانا بند کریں اور دہشت گردی بند کریں پھر سٹیڈیم آباد ہوجائیں گے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں جانا چاہیے۔ گزشتہ سال پاکستان نے سری لنکا کیساتھ مل کر ایشیاکپ کی میزبانی کی تھی، ابتدائی طور پر پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی کرنا تھی لیکن بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے باعث متبادل وینیو پر میچز کا انعقاد کروانا پڑا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء ‘بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائیگی : انوراگ ٹھاکر
Apr 07, 2024