لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے 29کھلاڑیوں کا کاکول میں دس روز جاری رہنے والا فزیکل کیمپ ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق فزیکل کیمپ کے آخری دن قومی کرکٹرز کی فزیکل اسسمنٹ کی گئی۔کیمپ میں کرکٹرز کو سخت ترین مشقیں کرائی گئیں، کبھی کرکٹرز کو ساتھی کھلاڑی کو کاندھے پر اٹھاکر دوڑایا گیا تو کبھی اسپرنٹ لگوائی گئیں۔قومی کرکٹرز نے اس بوٹ کیمپ کے دوران دیواریں بھی پھلانگیں اور پہاڑی پر بھی چڑھائی کی۔ کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے، رسہ کشی کے مقابلے میں زور لگانے کیلئے وہ ساتھی کھلاڑیوں کی امید رہے تو پہاڑ پر چڑھنے کے مقابلے میں انہوں نے ساتھیوں کو انتظار کرنے پر مجبور رکھا۔ اعظم جب بھی کوئی ٹاسک کرتے تو ٹیم کے دیگر پلیئرز ان کی حوصلہ افزائی کرتے اور جونہی ٹاسک مکمل کرتے تو ساتھی کرکٹرز، اعظم سمیت اس کا جشن مناتے۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کیمپ میں انوکھی مشق کا سامنا کرنا پڑا، جس میں انہیں پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔فاسٹ بائولر زمان خان نے ویڈیو شیئر کی جس میں اعظم خان کے پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کے مناظر موجود ہیں۔اپنے آخری ساتھی کے پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے پر کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی اور سب ہی اعظم خان کے استقبال کیلئے پہنچ گئے اور اعظم خان کے نام کے نعرے بلند کرنا شروع کردیئے۔