واشنگٹن ؍ پیرس (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ڈیموکریٹک ارکان ایوان نمائندگان نے امریکی صدر جوبائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ دیا۔ امریکی ڈیموکریٹک ایوان نمائندگان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی جائے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر جوبائیڈن کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے 37 ارکان نے خط لکھا ہے، خط لکھنے والوں میں سابق ہاؤس سپیکر نینسی پلوسی بھی شامل ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ امدادی کارکنوں پر حملے، بدترین انسانی بحران کی وجہ سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بلاجواز ہے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کی منظوری کا کوئی جواز نہیں۔ ادھر فرانسیسی پارلیمنٹ کے 115 ارکان نے صدر عمانوئل میکرون کو خط لکھ دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیل کو ہتھیار پہنچنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمانی مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ فرانس کو اسرائیل کی جاری بدترین نسل کشی میں شریک نہیں بننا چاہئے، مطالبہ ہے کہ حکومت اسرائیل کو فراہم کردہ ہتھیاوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کریں۔
اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی جائے: 37 امریکی ارکان ایوان نمائندگان، 115 فرانسیسی پارلیمنٹیرینز
Apr 07, 2024