غزہ، مزید 46 فلسطینی شہید: اردن، ایران، دمشق میں اسرائیل مخالف مظاہرے

Apr 07, 2024

غزہ؍ لندن؍ قاہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی) غزہ میں صیہونی فورسز کی ظلم کی داستانیں رقم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 46 فلسطینی شہید 65 افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیل نے خان یونس المغازی اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا، مغربی کنارے بھی اسرائیلی آباد کاروں نے کئی فلسطینیوں کے گھروں میں آگ لگا دی۔ اسرائیل کے خلاف دمشق، ایران اور اردن میں ریلیاں نکالی گئیں۔ سربراہ حزب اللہ حسن نصراللہ نے کہا نیتن یاہو کبھی حماس کو ختم نہیں کر سکتا، جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے میں حزب اللہ 3 امل موومنٹ کے 3 ارکان جاں بحق ہو گئے۔ مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔ حماس کا وفد آج قاہرہ پہنچے گا، حماس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی پیشرفت پر بات چیت کیلئے مصر نے مدعو کیا ہے۔ قاہرہ جانے والے وفد کی سربراہی حماس رہنما خلیل الجید کریں گے، حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے واضح کر دیا ہے بات چیت کا آغاز مستقل جنگ بندی سے ہی ہو گا۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز کا بھی قاہرہ پہنچنے کا امکان ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے قطر اور مصر کے ثالث کاروں کو خط میں جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس پر دباؤ ڈالنے کا کہا ہے۔

مزیدخبریں