عدت نکاح کیس، خاور مانیکا کے وکیل پیش نہ ہوئے، سماعت  پرسوں تک ملتوی 

Apr 07, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی ۔ جبکہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت پیش نہیں ہوئے۔ رضوان عباسی کے عدالت پیش نہ ہونے پر وکیل صفائی سلمان اکرم راجا نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ رضوان عباسی ساتھ والی عدالت میں بیٹھے ہیں، خالی عدالت میں رضوان عباسی بیٹھے ہیں، رضوان عباسی کہہ رہے ہیں، مری جانا ہے، میں نہیں آ رہا، رضوان عباسی کے معاون وکلاء بھی بھاگ گئے ہیں، رضوان عباسی کہہ رہے میں نہیں آئوں گا، بلا کر دکھائے مجھے کوئی، رضوان عباسی کی تصویر بھی لی ہے، خالی عدالت میں فارغ بیٹھے ہوئے ہیں، رضوان عباسی تو عدالت کی توہین کر رہے ہیں، ہمیں پھر دلائل کا آغاز کرنے دیں، سلمان اکرم نے دوسری کورٹ بیٹھے خاور مانیکا کے وکیل کی  تصویر عدالت پیش کر دی ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے سزا معطلی کی بھی درخواست دائر کر رکھی ہے ، عید بھی ہے سزا معطلی کے حوالے سے عدالتیں اس لحاظ سے بھی خیال کرتی ہیں، جج نے کہا کہ آپ کی اپیل پر بھی کافی دلائل ہو چکے ہیں آپ شروع کریں۔  انہوں نے کہا بشریٰ بی بی کو سول عدالت میں اپنے ثبوت پیش کرنے کے حق سے محروم کیا گیا، 14 نومبر 2017ء کو طلاق دینے کی بات سے مکر نہیں سکتے، یکم جنوری 2018ء تک 48 دن طلاق کو گزر گئے تھے، طلاق کے 48 دنوں بعد بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے نکاح کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 39 دنوں میں نکاح درست تصور ہو گا ، مارچ 2018 میں خاورمانیکا نے ٹیلیویژن پر بیان دیا۔ بشریٰ بی بی باپردہ خاتون ہیں، خاور مانیکا نے تو کہا بانی پی ٹی آئی بھی بہت متقی انسان ہیں، خاور مانیکا 6 سال خاموش رہے، ایک جملے پر شکایت دائر کر دی ۔ فروری میں نکاح نہیں ہوا، صرف دعائیہ تقریب رکھی گئی تھی۔ خاور مانیکا نے کہا بشریٰ بی بی سے زیادہ پرہیزگار عورت نہیں دیکھی، فاضل جج نے کہا کہ ویڈیو کلپ کے متعلق جرح میں خاور مانیکا نے بیان دیا؟ وکیل نے کہا کہ خاور مانیکا نے کہا ملازم لطیف بتاتا تھا، میں کہتا تھا انہیں منع کرو، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عید سر پر ہے، بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں، بشریٰ بی بی کو صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا ملی ہوئی ہے، بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی سزا کی درخواست کو آج دیکھ لیں، فاضل جج نے کہا کہ ابھی تو اپیل کافی حد تک سنی جا چکی ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل کر دے۔ عید بھی ہے اگر سزا معطل ہو جائے تو بشریٰ بی بی رہا ہو جائیں گی، سزا معطلی کی حد تک رضوان عباسی دلائل دے سکتے تھے لیکن وہ جان بوجھ کر نہیں آئے۔ فاضل جج نے کہا کہ شکایت کنندہ کی سائیڈ پر پہلا دن ہے ان کو بھی سن لیتے ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں وکلاء صفائی کی مزید تین گواہوں پر جرح مکمل ہونے پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔ بشریٰ بی بی کے طبی معائنہ اور ٹیسٹوں کیلئے درخواست دائر کی گئیں، عدالت نے مزید سماعت17 اپریل تک کیلئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں