لاہور(نامہ نگار) لاہورہائیکورٹ کے ججزکو بھیجے گئے دھمکی آمیز خطوط کے مقدمہ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔سی ٹی ڈی کی درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق خطوط میں تحریک ناموس پاکستان کاحوالہ دیکرعدالتی نظام کو تنقیدکانشانہ بنایاگیا۔خطوط میں 'welcome to bacilus antharcis‘ تحریر کیا گیا ہے ’bacilus antharcis‘ بیکٹریا کی قسم ہے۔ جو عمومی طور پر جانوروں میں پایا جاتا ہے یہ الفاظ جج صاحبان کو خوفزدہ کرنے اور دھمکانے کیلئے استعمال کیے گئے، ان دھمکی آمیز خطوط سے جج صاحبان کے فیصلوں پر اثرانداز ہونیکی کوشش کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی خاص گروہ کی جانب سے کچھ خاص مقدمات کی سماعت پر اثر انداز ہونے کی کوشش صرف ایک مفروضہ ہے،اس معاملہ کے دوسرے دیگر تمام پہلوؤں پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تفتیش کاروں نے ہر امکان کے لئے اپنے ذہن کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنزک رپورٹ میں خطوط سے 70 ملی گرام آرسینک ملنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔لاہور میں درج ہونے والامقدمہ سکیورٹی انچارج لاہور ہائی کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور سی ٹی ڈی سے اسلام آباد جانے والی تحقیقاتی ٹیم نے تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے اہم شواہد بھی حاصل کئے ہیں۔جن کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو کا سراغ لگا کر انہیں گرفتارکرلیا جائے گا۔
دھمکی آمیز خطوط، فرانزک رپورٹ میں 70 ملی گرام آرسینک کی نشاندہی
Apr 07, 2024