حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) اٹلی جانے والا حافظ آباد کا بائیس سالہ رائے شرجیل حادثہ میں جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ دیگر سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے گاؤں ساگر کھرل کے رہائشی رائے شفقت علی کا بائیس سالہ بیٹا رائے شرجیل دس ماہ قبل یونان گیا جہاں وہ اپنے دیگر سات پاکستانیوں کے ساتھ غیر قانونی طریقہ سے اٹلی جانے کے لیے نکلا، رائے شرجیل اور اس کے ساتھیوں نے البانیہ کا بارڈر کراس کرنے کے لیے ایک ٹیکسی کرایہ پر لی۔ ساتوں پاکستانی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ البانیہ کے دارالخلافہ تیرانہ کے قریب چیک پوسٹ پر پولیس نے ان کی گاڑی کو روکا لیکن البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جو تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر دریا میں جا گری جس کے نتیجہ میں البانوی ڈرائیو اور رائے شرجیل سمیت ساتوں پاکستانی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ورثا نے میتیں پاکستان لانے کے لئے حکومت سے تعاون کی استدعا کی۔