پاکستان میں   27ویں شب پر خصوصی عبادت ‘مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد کی آمد

لاہور +مکہ مکرمہ (خصوصی نامہ نگار+آئی ا ین پی) ملک بھر میں 27 رمضان المبارک کی شب بطور شب ِقدر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد و مدارس میں محافل شبینہ، شب بیداری، ختم قرآن مجید، صلوٰۃ التسبیح اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ مساجد کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے بھی سجایا گیا، مساجد میں ختم قرآن کے بھی بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ماہ مبارک میں نماز تراویح کی امامت کرنے والے حفاظ کرام کو تکمیل قرآن پر تحائف پیش کیے گئے۔ رات بھر مساجد، مدارس، گھروں میں نوافل، تلاوت قرآن، ذکر و اذکار اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور امت کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔  مزید برآںرمضان المبارک کی 27ویں شب پر مسجد الحرام اور مسجد مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندان اسلام نے عبادات کیں، امام کعبہ نے فلسطین کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ماہ صیام کی ستائیسویں شب لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز تراویح ادا کی اور لیل القدر کی برکات سمیٹیں۔ حرمین شریفین میں لیل القدرکی تلاش میں آئے مسلمانوں کے اجتماع کا روح پرور منظر دیکھنے میں آیا، حرم شریف کی اطراف کی سڑکیں نمازیوں سے بھر گئیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریوں میں لوگ عبادت کرتے رہے۔ اس موقع پر مسلم ملکوں کی فلاح و بہبود اور بحرانوں سے نجات کے لیے دعائیں مانگیں گئیں۔ مسجد اقصی میں سخت پہروں اور پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد خصوصی اجتماعات میں شریک ہوئے۔ مسجدالاقصی میں ہزاروں افراد رب کے حضور سجدہ ریز ہوئے، بیت المقدس سمیت دنیائے اسلام کے دیگر مقامات کی بازیابی کیلئے خصوصی دعا مانگی ۔ رمضان کے پہلے دو عشروں کے دوران مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے زائد رہی۔عرب ٹی وی کے مطابق مسجد نبویﷺکی انتظامیہ نے بتایاکہ 20 رمضان سے اب تک روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے والوں کی تعداد 16 لاکھ 43 ہزار 288 رہی جبکہ ریاض الجنہ کیلئے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد اور 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔ 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور دور دور تک سڑکیں نمازیوں سے بھری رہیں۔

ای پیپر دی نیشن