راجناتھ الیکشن کی وجہ سے بڑھکیں نہ ماریں، بھارتی پائلٹ خیرات میں واپس کیا تھا: خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو بیان بازی میں محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑھکیں مار رہے ہیں مگر الیکشن کے چکر میں بھارت ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے۔ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی کی تو انجام کیا ہوا؟ ہم نے بھارت کا جہاز گرایا تھا اور پائلٹ کو پکڑ کر خیرات میں واپس کیا تھا، اگر دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گے جو پہلے دیا تھا۔ بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کرتا ہے۔ بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔ چند روز قبل ایک برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020ء سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔ برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی شہریوں کے قتل کے حوالے سے یہی پالیسی ہے۔ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا بھارت ہر پاکستان میں ہر اس پاکستانی کو قتل کرے گا جو ہمارے ملک میں کسی بھی قسم کی دہشگردانہ کارروائی کی کوشش کرے گا۔ پاکستان نے بھارت کی پاکستانی شہریوں کو قتل کرانے کی سازش بے نقاب ہونے اور بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مزید پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دریں اثناء پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کے گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔ 25 جنوری کو پاکستان نے بھارتی دراندازی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے۔ یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے واضح ثبوت ہیں۔ بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے، عالمی برادری کو بھارت کے ان گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے۔ فروری 2019ء کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعووں کو بے نقاب کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انتخابی فائدے کے لیے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے، ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم اور اپنے بھرپور دفاع کی صلاحیت کی گواہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن