مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام ریلوے سٹیشن پر گرینڈ سحری کا اہتمام  

لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کی جانب سے ریلوے سٹیشن پر ساتویں گرینڈ سحری کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں گڑھی شاہو، شاد باغ سمیت ہزاروں لوگوں کے گھروں میں سحری پہنچائی گئی۔مرکزی مسلم لیگ کی گرینڈ سحری میں 10 ہزار افراد کیلئے انتظام کیا گیا۔ جبکہ ریلوے سٹیشن پر 2 ہزار مرد وخواتین کیلئے باقاعدہ پنڈال سجایا گیا تھا۔ جہاں شہریوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ سحری کی۔ ریلوے سٹیشن پر ہونیوالی گرینڈ سحری میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو ،جنرل سیکرٹری لاہور انجینئر حارث ڈار، سٹی صدر میاں حبیب الرحمن سمیت دیگر قائدین نے ریلوے سٹیشن گرینڈ سحری پوائنٹ کا وزٹ کیا۔صدر خالد مسعود سندھو نے کہا پورے پاکستان میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان کہیں دسترخوان سجا رہے ہیں تو کہیں لوگوں کی دہلیز پر کھانا پہنچا رہے ہیں۔ خدمت کی سیاست سے عوام کے دل جیت رہے ہیں۔ رمضان المبارک کو صحیح معنوں میں خدمت کا رمضان بنایا ہے۔ انجینئر حارث ڈار نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ میں خدمت اور معاشرے کی تعمیر کی سیاست کو پروان چڑھا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن