لاہور(کامرس رپورٹر )مرکزی کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حل کروانے میں کردار ادا کریں۔ وفد کی سربراہی کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین کررہے تھے جبکہ دیگر میں سرپرست اعلیٰ ناجی بٹ، چیئرمین رانا منصور، جنرل سیکریٹری مقصود رحمن بھٹی ، چودھری لیاقت، اشرف تابانی ، خالد رشید، میاں شکیل و دیگر شامل تھے۔ وفد نے صدر لاہور چیمبر کو اپنی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل فوڈ یا پھر ڈی سی جن میٹنگزمیں ریٹ لسٹ اور متعلقہ پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔ ان میں مرکزی کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے کسی نمائندے کو شرکت کی دعوت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے صدر لاہور چیمبر سے درخواست کی کہ وہ حکومت پنجاب کے سامنے اس مسئلے کو اٹھائیں اور کریانہ مرچنٹس کے متعلق بنائی گئی تمام پالیسیوں میں اس شعبہ کے نمائندگان کی شرکت یقینی بنائیں۔ جب بھی کریانہ سٹورز پر چھاپے مارے جاتے ہیں تو اس میں مجسٹریٹ موجود نہیں ہوتا بلکہ ان کی پرائیویٹ فورس چھاپے مارتی ہے اور تاجروں کو ہراساں کرتی ہے۔