لاہور(نامہ نگار)ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 40 ملزمان گرفتار، 42 مقدمات درج، 2296 پتنگیں اور 34 چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔ گذشتہ 40 روز کے دوران صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ کے ایکٹ کے تحت 3779 ملزمان گرفتار، 3646 مقدمات درج کئے گئے ، 229096 پتنگیں اور 15963 چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری ، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب سمیت آگاہی مہم کو بھی مزید موثر بنایا جائے ، قانون کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔