معمارِ نوائے وقت، ملک کی نظریاتی سرحدوں کے پاسبان اور امام صحافت مجید نظامی کا آج قمری کیلنڈر کے مطابق دسواں یومِ وفات ہے۔ قدرت کاملہ نے اس دارِ فانی سے انکی رخصتی کیلئے رحمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والے مہینے رمضان المبارک کی ستائیسویں شب (لیلۃ القدر) کومنتخب کیا جس کی فضیلت ہمارے لیے اس لیے بھی زیادہ ہے کہ 27ویں رمضان المبارک کو ہی اس ملک خداداد پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اسی سعد گھڑی مجید نظامی کی رحلت پاکستان کے ساتھ انکی اٹوٹ محبت کا بھی بیّن ثبوت ہے۔ چنانچہ ہر سال 26 جولائی کے علاوہ 27ویں رمضان المبارک کو بھی ان کی برسی کا عقیدت و احترام کے ساتھ اہتمام کیا جاتا ہے اور ان کی روح کو ایصالِ ثواب کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کی بھی خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ آج تحریک پاکستان کے کارکن ،مرحوم مجید نظامی کے عزیز و اقرباء اور نوائے وقت کے کارکنان ان کی مرقد پر حاضری دے کر ان کیلئے بلنددرجات کی دعائیں مانگیں گے۔ نوائے وقت کی مسجد میں ان کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
مجید نظامی ملک کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دردِدل رکھنے والی وہ شخصیت تھے جو وطن عزیز کے خلاف بھارتی سازشوں اور چالبازیوں کا مکمل ادراک اور آگاہی رکھتے تھے اور ایک ماہر نباض کی طرح ملک کو درپیش اصل عوارض کا کھوج لگا کر ان کا شافی علاج تجویز کیا کرتے تھے۔ بطور خاص بھارتی چالبازیوں سے خبردار رہنے اور اپنے گھوڑے تیار رکھنے کی تلقین کیا کرتے تھے جو اس امر کے قائل تھے کہ بھارت ہمارے لئے ایک موذی سانپ ہے جسے دودھ پلا کر بھی ہم اسکے زہریلے ڈنک سے نہیں بچ سکتے اس لیے سانپ کا سر کچلنا ہی ملک کی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہماری بہترین حکمت عملی ہونی چاہیے۔ آج دنیا بھر میں بھارت کا سفاک دہشت گرد چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے تو ہمارے اس ازلی مکار دشمن کے ساتھ تعلقات کے بارے میں مجید نظامی کے فلسفہ کی حقانیت اور بھی اجاگر ہونے لگی ہے۔ میاں شہباز شریف کی سربراہی میں اتحادیوں کی آج کی حکومت بھارت کے ساتھ تجارت کے راستے کھولنے کی متمنی نظر آتی ہے اور ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر اس کے ہاتھوں عوام کا کچومر نکالنے کا پورا اہتمام کر چکی ہے تو حکمرانوں کو ببانگِ دْہل للکارنے والے مجید نظامی جیسے مدبرصحافتی قائد کی آج شدت کے ساتھ ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ مجید نظامی اسلامی دنیا کے پہلے ایٹمی ملک پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف امریکا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو شیطانی اتحاد ثلاثہ سے تعبیر کیا کرتے تھے اور اسی تناظر میں کہا کرتے تھے کہ ہم نے ایٹم بم شوکیس میں سجانے کیلئے تیار نہیں کیا۔وہ ہندو بنیا سے ملک و ملت کیلئے کبھی خیر کی توقع نہیں رکھتے تھے اور حکمرانوں کی جانب سے بھارت کیلئے کسی نرم گوشے کو بھانپ کر ان کی خوب گوشمالی کیا کرتے تھے۔ بھارت کی ہندو انتہا پسندمودی سرکار آج اپنی پاکستان مخالف کارستانیوں سے بھارت کے حوالے سے مرحوم مجید نظامی کے جذبات و خدشات پر مہر تصدیق ہی ثبت کر رہی ہے جو پاکستان کے خیرسگالی کے ہر پیغام کا اپنے جارحانہ عزائم کے ذریعے جواب دیتی ہے اور آئندہ ماہ منعقد ہونے والے بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں تیسری بار اپنی کامیابی کے لئے بھارت کو ہندوتوا کی جانب دھکیلتے ہوئے پاکستان مخالف فضا گرما رہی ہے۔ اگر متعصب ہندوؤں کے نمائندے نریندر مودی مجید نظامی کی حیات میں برسراقتدار آتے تو مجید نظامی ان کیلئے ننگی تلوار بنے نظر آتے۔ مودی نے اپنے سابقہ دور اقتدار میں پاکستان کے ساتھ اعلانیہ دشمنی پر مبنی جو پالیسیاں اپنائے رکھیں اور سرحدی کشیدگی بڑھا کر عملاً جنگ کا ماحول طاری کیے رکھااور اب بھی وہ ہندوتوا پر مبنی اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت جس طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر نظر بد گاڑے ہوئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکرتے ہوئے کشمیریوں کو پانچ اگست 2019ء سے محصور کیا ہوا ہے، مجید نظامی حیات ہوتے تو حکومت کو ہندو انتہا پسند مودی کا غرور توڑنے کی ٹھوس اور اٹل حکمت عملی طے کرنے کی تلقین کرتے۔سابق وزیراعظم عمران خان تو بھارتی خارجہ پالیسی کی ستائش کرتے کرتے اقتدار سے فارغ ہو گئے اور آئین و قانون سے کھلواڑ اور اداروں بالخصوص افواجِ پاکستان کے خلاف منافرت کی آگ بھڑکاتے ہوئے آج کڑی سزاؤں پر مبنی قیدوبند کے مراحل سے گذر رہے ہیں جبکہ ان کی بلیم گیم پر مبنی انتشار کی سیاست سے ملک میں جمہوریت کی عملداری کیلئے بھی خطرات پیدا ہوتے نظر آرہے ہیں۔ آج عنانِ اقتدار مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کے ہاتھ میں ہے اور ان کی سربراہی میں اتحادیوں کی حکومت ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے عہدہ براء ہونے اور عوام کے روٹی روزگار اور غربت مہنگائی کے گھمبیر مسائل کے حل کیلئے کوششیں بروئے کار لا رہی ہے تاہم مہنگائی کا جن اسکے قابو میں نہیں آرہا اور اس نے آئی ایم ایف کے نئے بیل آؤٹ پیکیج کی خاطر اسکی ہر شرط پر سرتسلیم خم کرکے عوام کو بھی مہنگائی کے دْرّے لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ قومی خومختاری کو بھی بٹہ لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔ یہ صورتحال اتحادی حکمرانوں کیلئے اس حوالے سے بھی لمحہ فکریہ ہونی چاہیے کہ انہیں آٹھ فروری 2024ء کے انتخابات کے نتائج میں مبینہ طور پر ہونے والی پولیٹیکل انجینئرنگ کے حوالے سے بھی اپنے مخالفین کی جانب سے سخت مزاحمت اور آزمائش کا سامنا ہے۔ انہیں آج بطور خاص آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی عملداری کیلئے مجید نظامی کی فکرمندی کو حرزِجاں بنانا چاہیے۔
مجید نظامی کا شمار بلاشبہ ذاتِ باری تعالیٰ کے محبوب بندوں اور نبی آخرالزمان محمدِ عربی ﷺ کے عشاق میں ہوتا تھا، جنھوں نے اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کو ملک خداداد کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی نگہبانی اور بانیانِ پاکستان قائد و اقبال کی امنگوں، آدرشوں اور انکے زریں اصولوں کے مطابق یہاں جدید اسلامی جمہوری فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے وقف کیے رکھا۔ انھوں نے اپنے نفع نقصان کی پروا کی نہ جرنیلی اور سول آمروں کی ترغیب و تخویف کو کبھی خاطر میں لائے۔ وہ اپنی ذات میں خوبیوں ہی خوبیوں اور صفات ہی صفات کا مجموعہ تھے جو برملا اس امر کا اظہار و اعلان کیا کرتے تھے کہ وہ پاکستان اور نظریہ پاکستان کیلئے جانبدار ہیں اور اس جانبداری کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔ انکے سچے اور کھرے پاکستانی ہونے کا اس سے ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا دشمن اول بھارت بھی انھیں اپنا دشمن اول گردانتا تھا جبکہ وہ نظریہ پاکستان اور ملک کی سالمیت کے خلاف کسی بھی فورم پر کوئی بات برداشت کرتے تھے نہ اس پر کبھی مفاہمت پر آمادہ ہوتے تھے۔ وہ اسی ناتے نوائے وقت گروپ کے ذریعے بھارت نواز حکمرانوں اور دوسرے حلقوں سے ٹکر مول لیتے اور ان کی اصلاح و خبرگیری کا اہتمام کرتے رہے۔ انھوں نے ہمہ وقت کشمیر کاز کو سپورٹ کیا اور کالاباغ ڈیم کی وکالت کی جس کیلئے انھوں نے نوائے وقت کے پلیٹ فارم پر قومی ریفرنڈم کا بھی اہتمام کیا جس میں پاکستان کے تحفظ و بقاء اور اس کے استحکام کیلئے ان کی دردمندی ہی جھلکتی نظر آتی تھی۔ وہ ملک کی نظریاتی اساس اور جغرافیائی و قومی سلامتی کے معاملہ میں کسی حکمران کے پائے استقلال میں لغزش پیدا ہوتی محسوس کرتے تو ببانگ دہل اسے للکارتے اور ہوش کے ناخن لینے کی تلقین کرتے۔ اس تناظر میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد جوابی ایٹمی دھماکوں کیلئے اس وقت کے وزیراعظم میاں نوازشریف کو گومگو میں دیکھ کر مجید نظامی نے ہی انھیں اپنے اس بے مثال فقرے کے ذریعے للکارا تھا کہ میاں صاحب آپ دھماکہ کر دیں ورنہ قوم آپ کا دھماکہ کر دے گی، میں آپ کا دھماکہ کردوں گا۔ بعینہ وہ آج زندہ ہوتے تو بھارت کے ساتھ تعلقات کے معاملہ میں حکومت کو جامع اور اٹل پالیسی طے کرنے کی تلقین کرتے۔مجید نظامی قومی پالیسیوں میں گومگو کے ہرگز قائل نہیں تھے اور ایسے معاملات میں حکومتوں کی بروقت خبرگیری کیا کرتے تھے۔ ہمیں قومی پالیسیوں کے اجرا اور ان پر عمل درآمد کیلئے مجید نظامی جیسے عزم اور فکرمندی کو پیش نظر رکھنے کی آج بھی ضرورت ہے۔ انھوں نے دل کے تین بائی پاس اپریشن کرانے کے باوجود جس جواں ہمتی اور بلند عزم کیساتھ آبرومندی والی اپنی زندگی کے 86 برس گزارے جس میں ان کی صحافت کے 72 اور ادارت کے 52 سال بھی شامل ہیں، وہ انھی کا خاصہ ہے۔ انھوں نے پیشہ صحافت میں جہاں اپنے برادر بزرگ حمید نظامی کے روشن اصولوں کی آبیاری کی وہیں بامقصد اور اصولی صحافت کے تحفظ و فروغ میں ثابت قدمی کی نئی مثالیں قائم کرکے امامِ صحافت اور آبروئے صحافت کا درجہ بھی حاصل کیا۔ انھوں نے اپنی عمر فانی کے آخری لمحے تک اپنی ذات اور نوائے وقت کے خاندان کے ساتھ کیا گیا عہد پوری ثابت قدمی کے ساتھ نبھایا اور پیشہ صحافت کو پیشۂ پیغمبری ثابت کرکے دکھایا۔ انکے برادر بزرگ حمید نظامی نے قائداعظم کے فرمان پر 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے ساتھ ہی متعصب ہندو پریس کا مقابلہ کرنے کیلئے پندرہ روزہ ’نوائے وقت‘ کی شکل میں جس بااصول و باوقار صحافت کا آغاز کیا تھا، ایوبی مارشل لاء میں ان کے انتقال کے بعد محترم مجید نظامی نے اسکی باگ ڈور سنبھال کر اسے مرحوم حمید نظامی کے وضع کردہ اصولوں کی روشنی میں ہی نہ صرف پروان چڑھایا بلکہ ایک تناور درخت بنا کر میدان صحافت میں جلوہ افروز کیا۔جناب مجید نظامی کے ہاتھوں ترقی و استحکام کی منزلیں طے کرنے والی یہ صحافتی امپائر آج قومی صحافت کا بھرم بن چکی ہے۔
بھارت کے ساتھ تعلقات کے معاملہ میں انھوں نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کی پاسداری کی۔ ایک بار ضیاء الحق نے انھیں اپنے ہمراہ بھارت لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا تو جناب مجید نظامی نے انھیں دوٹوک جواب دیا کہ آپ میرے ساتھ ٹینک پر چڑھ کر بھارت جائیں تو میں تیار ہوں۔ وہ پوری دیانتداری کیساتھ یہ سمجھتے تھے کہ بھارت مذاکرات کی میز پر کشمیر ہمیں کبھی پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کرے گا چنانچہ ہمیں اپنی شہ رگ کشمیر کو بزور ہی دشمن کے خونیں پنجے سے چھڑانا ہو گا۔اپنے بے پایاں جذبے کا اظہار وہ اس یادگار فقرے کے ذریعے کیا کرتے تھے کہ ’بے شک مجھے توپ کے آگے باندھ کر بھارت پر چلا دو، ہمیں کشمیر کے حصول کیلئے بھارت سے نبردآزما ہونا ہی پڑیگا۔‘ آج مودی کی جنونیت نے دونوں ایٹمی ملکوں کو عملاً ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کیا ہے جن کے مابین جنگ پوری دنیا کی تباہی پر منتج ہو سکتی ہے۔ مجید نظامی کو بھی اس کا پورا ادراک تھا اس لیے وہ دشمن کے مقابل ہمہ وقت اپنے گھوڑے تیار رکھنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے سے متعلق پانچ اگست 2019ء کے اقدام کے بعد جب مودی سرکارنے ہذیانی کیفیت میں یہ بڑ ماری کہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا تو مجید نظامی کا یہ فلسفہ بھی ایک زندہ حقیقت بنا نظر آیا کہ کشمیر مذاکرات سے نہیں، زورِ بازو سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مجید نظامی کی جمہوریت کیساتھ لازوال وابستگی تھی۔ وہ ہمیشہ آمریت سے برسرپیکار رہے۔ وہ مروجہ جمہوریت کو مثالی نہیں سمجھتے تھے تاہم یقین رکھتے تھے کہ بری سے بری جمہوریت بھی اچھی سے اچھی آمریت سے بہتر ہے۔ مجید نظامی سیاست میں تحمل برداشت، رواداری اور وضع داری کو ملحوظ خاطر رکھنے کے قائل تھے اور باہم دست و گریباں سیاست دانوں کو باور کرایا کرتے تھے کہ ان کی اس روش کے باعث ہی اقتدار کی بوٹی طالع آزماؤں کے ہاتھ آتی ہے اس لیے حالات اس نہج پرنہ لے جائیں کہ ماورائے آئین اقدام والوں کو پھر جمہوریت کا مردہ خراب کرنے کا موقع ملے۔ ان کی یہ بات ہمارے آج کے سیاسی حالات پر بھی صادق آتی ہے۔
آج 27 رمضان المبارک کو نوائے وقت گروپ خداوند کریم سے امام صحافت مجید نظامی کیلئے بلندی ِدرجات کی دعا کیساتھ ساتھ قارئین نوائے وقت اور قوم سے اس عہد کا بھی اعادہ کررہا ہے کہ معمار نوائے وقت مجید نظامی کے اصولی صحافت کے مشن پر کاربند رہ کر ان کی جلائی شمع کو کبھی مدھم نہیں ہونے دیا جائے گااور اسلامی جمہوری فلاحی پاکستان کیلئے ان کا مشن جاری و ساری رکھا جائیگا۔خدا ہماری آج کی حکومت بالخصوص صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو بانیانِ پاکستان اقبال و قائد کی امنگوں، آدرشوں کی روشنی میں اس وطنِ عزیز کو اسلامی جمہوری فلاحی ریاست کے قالب میں ڈھالنے کیلئے جان توڑ کوششیں کرنے اور بھارتی جارحانہ عزائم کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے کی ہمت اور توفیق عطا کریاور وہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی عملداری کے عزم پر نہ صرف کاربند رہیں بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔ خدا ہمارا محافظ و نگہبان ہو۔