راولپنڈی(جنرل رپورٹر )سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے پروگرام" ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر"کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ فارم میکانائزیشن کے تحت 1800زرعی آلات 710 کاشتکاروں کوجلد فراہم کر دئیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں مرکز کی سطح پر2 کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے جدید زرعی آلات فراہم کئے جائیں گے۔قرعہ اندازی میں کامیاب خوش نصیب کاشتکاروں کوماہ جون میں جدید مشینری کی ڈلیوری یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زرعی آلات بنانے والی فرمز اچھی شہرت کی حامل ہونی چاہیں۔سبسڈی پر فراہم کی جانے والی زرعی مشینری و آلات کی نیسپاک کے ذریعے انسپکشن کرائی جائے گی۔زرعی آلات کی ڈلیوری سے قبل مینوفیکچرنگ پلانٹس پر مشینری کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔مزید براں، فارم پر ڈلیوری کے بعد بھی مشینری کا معائنہ کرایا جائے گا۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت صوبہ پنجاب میں 5ہزارٹیوب ویلز سولر سسٹم پر منتقل کئے جائیں گے۔