ٹوبہ ٹیک سنگھ: خاتون اور بچی بھی چل بسیں، تعداد 6: زہر دینے والے خاوند پر مقدمہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ؍ گوجرہ؍ پیر محل (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) باپ کی جانب سے بیوی اور بچوں کو زہر دینے کا معاملہ، خاتون نازیہ بی بی اور 15سالہ اقصیٰ بھی ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ المناک واقعہ میں جاں بحق کی تعداد 6 ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ روز گائوں 520گ ب کے مکین اصغر علی قوم آرائیں نے گھریلو جھگڑوں کو وجہ عناد بناتے ہوئے چائے میں زہر ملا دیا تھا جسکے نتیجہ میں 3بہنوں مدیحہ، اقراء، ثانیہ اور اکلوتا بیٹا علی حسن موت کی آغوش میں چلے گئے تھے جبکہ خاتون نازیہ بی بی اور 15سالہ اقصیٰ کو مخدوش حالت میں ڈسرکٹ ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا تو نازیہ اور اقصیٰ کی زندگیوں کو بچانے کے لئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جہاں وہ بھی زندگی کی بازی ہارگئیں۔ پولیس نے ظالم اصغر علی کے خلاف بجرم 302/337J ت پ کے تحت مقدمہ کا اندراج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش کا عمل شروع کر دیا۔ نازیہ بی بی کے بھائی محمد اعظم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا  گیا۔ جاں بحق ہونے والی خاتون اور بچوں کا ڈسرکٹ ہسپتال سے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد تدفین کر دی گئی جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹس کا انتظار ہے۔ پولیس نے گھر سے شواہد حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔ ڈی پی او عبادت نثار نے دلخراش واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی  حلقوں، صحافیوں نے شرکت کی آہوں اور سسکیوں میں364 گ ب  کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اصغر کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے گرفتار کر لیا گیا، مگر پولیس انکاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن