مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی) اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں پر ڈرون کے ذریعے گیس بم پھینکے جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی اور کئی دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے ۔فلسطینی ٹی وی کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجد کے صحن میں نمازیوں پر آنسو گیس کے گولے بھی برسائے۔گذشتہ روز فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی فوج نے فجر کے وقت مسجد اقصی کے صحنوں میں اعتکاف کرنے والوں کے خیموں پر چھاپہ مارا اور ان میں سے چار روزہ داروں کو گرفتار کر لیا۔ ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے معتکفین کے خیموں کی تلاشی لی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز مسجد اقصی سے اعتکاف کرنے کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ آباد کاروں کو اگلی صبح مسجد پر دھاوا بولنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔گذشتہ روز ہزاروں فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج کی طرف سے عائد پابندیاں توڑ کر مسجد اقصی میں عشا اور تراویح کی نماز ادا کی تھی۔یروشلم میں اسلامی اوقاف کے محکمہ نے اطلاع دی ہے کہ 50,000 افراد نے مسجد اقصی میں عشا اور تراویح کی نمازیں ادا کیں۔
اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں گیس بم برسا دئیے، کئی نمازی زخمی، بے ہوش
Apr 07, 2024