اسرائیلی فورسزکی غزہ میں بربریت کے 6ماہ مکمل ہوگئے مگر صیہونی فوج کی بمباری رُکی نہ جنگ بندی مذاکرات پر کوئی پیش رفت ہوسکی۔غزہ میں قابض اسرائیل فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں نہ تھم سکی، مختلف علاقوں سے مزید 45 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق جنگ کے 175ویں دن تک کم از کم 32 ہزار 623 افراد شہید اور 75 ہزار 92 سے زیادہ زخمی ہو چکے تھے۔حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار137 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 815 زخمی ہو چکے ہیں۔صحافیوں کی عالمی تنظیم، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، چار اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔