متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے چور اور سپاہی دونوں ہی یہاں کے نہیں ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی روک تھام کی ذمے داری جس پولیس کی ہے.وہ اس شہر کی ہے ہی نہیں۔ 50 نوجوان کراچی میں شہید ہوگئے اور سندھ حکومت خاموش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بار بار یہ بات کہہ چکے ہیں کہ کراچی میں چور اور سپاہی دونوں کراچی کے نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے اپنے ایک بیان میں دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے لوگوں کو مارا جاتا رہا تو حکومت چھوڑ دیں گے۔ پیپلز پارٹی حکومت کو 15 سال ہوچکے ہیں، اتنی کلنگ کہیں اور ہوتی تو آپریشن کے مطالبات سامنے آجاتے۔انہوں نے مزید کہا کہ دراصل پولیس اور کرمنلز کراچی عید منانے آئے ہوئے ہیں۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جس طرح کی خطرناک، جاگیردارانہ اور موروثی جمہوریت سندھ میں ہے ویسی کسی اور صوبے میں نہیں۔