ججز دھمکی آمیز خطوط پر تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال

Apr 07, 2024 | 22:05

ویب ڈیسک

سپریم اور ہائی کورٹس کے ججز کو ملنے والے مشکوک اور دھمکی آمیز خطوط کے معاملے پر تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ججز  کو موصول مشکوک خطوط کی اب تک ہونے والی تحقیقات پر مبنی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے جس میں تمام تر تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کو مشکوک خطوط ملے جس کے بعد 3، 4 اور 5 اپریل کو سپریم کورٹ کے ججز کو بھی اسی نوعیت کے خطوط موصول ہوئے۔ ان مشکوک خطوط کے الگ الگ دو مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان خطوط میں آرسینک پاؤڈر پایا گیا .جس کی مقدار زہریلی نہیں تھی۔ آرسینک جن جن پنسار سے ملتا ہے ان کا بھی ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے اور تفتیشی ٹیمیں متعلقہ تمام دکانوں کے دورے کر رہی ہیں جب کہ سی ٹی ڈی کی 2 ٹیمیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے بنائی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور خط بھیجنے والوں کے نام نادرا کو بھجوا دیے گئے ہیں جب کہ لفافوں پر تحریر اور سیاہی کے تجزیے کے لیے ایکسپرٹ کو بھجوا دیا گیا۔ اس کے علاوہ خط پر لگائی جانیوالی پوسٹل اسٹیمپ کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ معاملے پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرائی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں