وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں فوج طلب کرنے کی ضرورت نہیں، شہرکا امن تباہ کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کو اسلحہ کی آماجگاہ بننے دیں گے اور نہ ہی کسی دہشتگرد سے کوئی رعایت برتی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصرکے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی،ایک سوال پروزیراعظم نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے تمام جماعتوں سے مل کر کوڈ آف کنڈکٹ بنایا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ وفاقی حکومت اورایجنسیاں امن وامان کی بحالی میں صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کریں گی۔ کراچی مجھے سب سے زیادہ عزیز ہے کراچی کا استحکام ملک کا استحکام ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی  رضا حیدر اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات کی تحقیقات کے لئے حکومت سندھ اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کرے گی۔ایک اور سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئےعالمی برادری سے مدد لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن