”موجودہ قیادت کے ساتھ نہیں چل سکتا“ انور بیگ پارٹی رکنیت سے مستعفی

Aug 07, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (ریڈیو نیوز + نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر انور بیگ نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ شہید بےنظیر کے ساتھ چلنے پر فخر کرتے تھے لیکن اب موجودہ قائدین اور بعض دیگر رہنما¶ں کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے‘ پیپلز پارٹی اسلام آباد کے سربراہ سید نیئر حسین بخاری نے انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت معطل کر دی تھی جس پر انہوں نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کے نام مراسلے میں پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے استعفیٰ فوری طور پر قبول کرنے پر زور دیا اور انہوں نے کہا بہت سے امور پر پارٹی کے بڑی تعداد میں پرانے ورکروں کو میری طرح تحفظات ہیں‘ جلد اپنی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔ نیئر حسین بخاری نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ انور بیگ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے‘ پارٹی رکنیت معطل ہونے کے بعد انور بیگ اب کہیں بھی پارٹی کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ انور بیگ کو فیصلے کے خلاف اعلیٰ سطح پر اپیل کرنے کا اختیار ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نیئر حسین بخاری پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر ہیں جنہیں پارٹی کارکنوں کی رکنیت معطل کرنے کا اختیار تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتہ انور بیگ اسلام آباد میں (ن) لیگ کے صدر نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔
انور بیگ / مستعفی
مزیدخبریں