یونیفکیشن بلاک کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ، مسلم لیگ (ن) میں کھلبلی مچ گئی

Aug 07, 2012

لاہور (فرخ سعید خواجہ) (ق) لیگ کے باغی یونیفکیشن بلاک کے ممبران اسمبلی کو آنیوالے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوانے کے اصولی فیصلے سے مسلم لیگ (ن) میں کھلبلی مچ گئی ہے اور جن اضلاع سے یونیفکیشن بلاک کے موجودہ ممبران پنجاب اسمبلی کا تعلق ہے وہاں انکے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ٹکٹ ہولڈروں میں بالخصوص بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ پارٹی کے سربراہ نوازشریف نے اس صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور ناراض عہدیداروں کو آج منگل کو ملاقات کیلئے رائیونڈ بلالیا ہے۔ یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ناراض عہدیداران استعفے واپس لے لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے حالیہ اضلاعی عہدیداران و ممبران اسمبلی سے ملاقاتوں کے دوران اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ یونیفکیشن بلاک کے ممبران اسمبلی کو آنیوالے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹیں دی جائیں گی۔ اس پر ضلع گجرات کے صدر ملک حنیف اعوان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اگر یونیفکیشن بلاک کے گجرات سے (پی پی 114) چودھری محمد ارشد اور (پی پی 113) میاں طارق محمود کو آنیوالے الیکشن میں ٹکٹیں دینی ہیں تو پھر ہم صرف شامل باجا ہیں۔ یوں یہ معاملہ بڑھتا گیا اور ملک حنیف اعوان سمیت ضلع گجرات مسلم لیگ کے لگ بھگ تمام عہدیداران نے اپنے استعفے صدر مسلم لیگ نوازشریف کو اس درخواست کے ساتھ بھجوادئیے کہ انکے پاس استعفوں کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نوازشریف نے سعودی عرب جانے سے پہلے گجرات سمیت تمام معاملات کو نمٹانے کا آغاز کردیا ہے اور (آج) منگل کی صبح ملک حنیف اعوان سمیت مسلم لیگ (ن) ضلع گجرات کے تمام عہدیداران کو ملاقات کیلئے بلالیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے کہا ہے کہ نوازشریف ناراض عہدیداران کو نہ صرف منانے میں کامیاب ہوجائینگے اور انکے استعفے واپس کروادینگے بلکہ صورتحال کی اصلاح کیلئے درمیانی راستہ بھی نکال لیں گے۔

مزیدخبریں