لندن اولمپکس کے مینزہاکی ایونٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سات گولز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔



لندن میں جاری تیس ویں اولمپک گیمز میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف یک طرفہ مقابلے کے بعد سات صفر سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور آسٹریلیا کی جانب سے گولوں کی بارش کو روکنے میں ناکام رہی۔ آسٹریلیا نے شاندارکھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور آسٹریلوی کھلاڑی کھیل کے آغاز سے لیکر اختتام تک وقفے وقفے سے گیند کو پاکستان کے جال کی راہ دکھاتے رہے۔ آسٹریلیا نے میچ کا پہلا گول کھیل کے چھٹے اور آخری گول میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کرس سیریلو نے دو گولز سکور کئے۔ ڈی یونگ، مارک ناویلز، رسل فورڈ، جیمی ڈائر اورگلین ٹرنر نے ایک،ایک گول کیا۔ میچ کے دوران پاکستانی دفاعی کھلاڑی آسٹریلوی فارورڈز کو روکنے میں بری طرح ناکام رہے۔ کینگرو کھلاڑیوں نے میچ کا بیشتر حصہ پاکستان کے ہاف میں کھیلا۔ یہ پاکستان کی اولمپکس مقابلوں میں بدترین کارکردگی ہے۔ اس شکست کے
بعد پاکستان تمغے کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ دوسری جانب پول بی میں کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں چار گولز سے ہرا کرپول مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ پول بی سے ہالینڈ اور دفاعی چیمپئن جرمنی پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن