لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے سستے رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو خصوصی ریلیف ملا ہے، ہمارے بروقت انتظامات کی وجہ سے حالیہ بارشوں سے نقصانات کم ہوئے ہیں۔ ابراہیم روڈ بلال گنج یونین کونسل نمبر 70 میں تاجر رہنما و سابق نائب ناظم میاں امجد حسین بلو، باو بشیر، ملک مجید اعوان کی جانب سے دو ہزار سے زائد غریب و مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقصد ہی عوامی خدمت اور عوامی مسائل حل کرنا ہے۔ میاں برادران ملک اور جمہوریت کی مضبوطی سمیت قومی ترقی و خوشحالی کیلئے مصروف عمل ہیں۔ ہماری حکومت کو ورثے میں ملنے والے مسائل بہت جلد حل ہو جائیں گے جبکہ ہمارے علاقہ کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو تمام بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے اقدامات ہو رہے ہیں۔