شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ: غیرملکی دہشت گردوں سمیت 7 ہلاک‘ 2 زخمی

Aug 07, 2014

بنوں (اے ایف پی + آئی این پی) شمالی وزیرستان میں میرانشاہ سے 60 کلومیٹر دور افغان سرحد کے قریب واقع لوارا منڈی میں پھر ڈرون حملہ ہوا ہے جس میں 7 افراد ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ ایک سینئر سکیورٹی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈرون طیارے نے لوارا منڈی میں ایک کمپائونڈ پر دو میزائل فائر کئے۔ ان کے مطابق مرنے والوں میں غیر ملکی دہشت گرد شامل ہیں۔ مقامی انٹیلی جنس حکام کے مطابق مرنے والوں میں کچھ ازبک اور حقانی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے افراد تھے۔ میزائل حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ یہ حملہ دتہ خیل کے علاقے میں ہوا ہے۔ دیگر اطلاعات کے مطابق نعشیں مسخ ہونے سے مرنے والوں کی صحیح طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ یاد رہے کہ امریکی جاسوس طیاروں کا 2014ء میں یہ چوتھا ڈرون حملہ تھا اس سے پہلے 19 جولائی کو امریکی جاسوس طیارے نے ڈرون حملہ کیا تھا جس میں 8 شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں